بارشوں نے عید کے رنگ میں بھنگ ڈال دیا

عید میں بارش نے رنگ میں بھنگ ڈال دیا
پاکستان میں عیدالاضحی منانے کا سلسلہ جاری ، بارشوں نے عید کے رنگ میں بھنگ ڈال دیا ،اکثر شہروں میں نماز عید مسجدوں میں ادا کی گئی

کراچی (ایجو تربیہ ڈیسک)پاکستان میں عیدالاضحی منانے کا سلسلہ جاری ، بارشوں نے عید کے رنگ میں بھنگ ڈال دیا ،اکثر شہروں میں نماز عید مسجدوں میں ادا کی گئی۔

بارشوں میں عید کی وجہ سے اکثر شہروں میں عید اجتماعات مسجدوں تک محدود رہے

تفصیلات کے مطابق اتوار کے روز پاکستان میں عیدالاضحی کا پہلا دن منایا گیا ۔ ملک بھر میں عید کے ہزاروں چھوٹے بڑے اجتماعات منعقد ہوئے جن میں لاکھوں فرزندان اسلام شریک ہوئے ۔اکثر شہروں میں اجتماعات مسجدوں تک محدود رہے۔

وزیراعظم نے لاہور،صدر نے کراچی،عمران خان نے بنی گالا میں نماز ادا کی

اعظم پاکستان میاں محمد شہباز شریف اور وزیر اعلیٰ پنجاب حمزہ شہباز نے جاتی عمرہ میں نماز عید ادا کی ۔
صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے کراچی کی مسجد طوبی میں عیدالاضحی کی نماز پڑھی ۔چئرمین پی ٹی آئی عمران خان نے بنی گالا میں عید کی نماز ادا کی ۔

بلاول نے لاڑکانہ میں عید منائی ،سراج الحق نے منصورہ میں نماز پڑھائی

پیپلز پارٹی کے چیئرمین اور وزیر خارجہ بلاول بھٹو زرداری نے لاڑکانہ میں نماز ادا کی ۔وزیر اعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ نے گڑھی خدا بخش میں عید کی نماز پڑھی ۔امیر جماعت اسلامی سراج الحق نے منصورہ لاہور میں نماز عید کی امامت کرائی۔

عیدالاضحی قربانی کا درس دیتی ہے ،شہبازشریف،عارف علوی

وزیر اعظم نے عید کے دن عوام کے نام اپنے پیغام میں کہا کہ عیدالاضحی ہمیں قربانی کا درس دیتا ہے انہوں نے عوام سے اپیل کی کہ ضرورت مندوں کو عید کی خوشیوں میں یاد رکھیں ۔صدر عارف علوی نے اپنے خصوصی پیغام میں کہا کہ قربانی کے بغیر کوئی قوم آگے نہیں بڑھ سکتی ۔

سنت ابراہیمی کی ادائی کا سلسلہ منگل تک جاری رہے گا

اتوار کے روز عید کی نماز کے بعد ملک بھر میں سنت ابراہیمی کی ادائی کا سلسلہ شروع ہوگیا جو منگل کی شام تک جاری رہے گا جبکہ اہل حدیث مسلک سے تعلق رکھنے والے مسلمان بدھ کو بھی قربانی کریں گے ۔

موسلا دھار بارشوں نے عید کے اجتماعات کو متاثر کیا

دریں اثنا ملک کے اکثر علاقوں میں ہونے والی بارش کی وجہ سے عید کا مزا پھیکا سا ہوگیا ۔ عید کے اجتماعات بھی متاثر نظر آئے۔کہیں بارش اور کہیں ممکنہ بارش کی وجہ سے کراچی سمیت بہت سے شہروں میں عید کے اجتماعات مساجد میں منعقد ہوئے، بعض مساجد میں گنجائش نہ ہونے کی وجہ سے بہت سے مقامی لوگ عید کی نماز نہ پڑھ سکے ۔

کراچی میں ناقص انتظامات نے باران رحمت کو زحمت بنا دیا

اتوار کی شام سے رات گئے تک کراچی میں بادل جم کر برسے، پیر کی صبح کچھ وقفے کے پھر موسلادھار بارش شروع ہوئی جس کی وجہ سے پورا شہر جل تھل ہوگیا ۔ حکومت کے ناقص انتظامات نے باران رحمت کو شہریوں کے لئے زحمت بنا دیا ۔کراچی کی سڑکیں تالاب کا منظر پیش کرتی رہیں ،گٹر ابل پڑے،کچرا کنڈیوں سے ہر طرف تعفن پھیل گیا۔بارش کی وجہ سے عید کے دنوں بھی بجلی کی آنکھ مچولی کا سلسلہ جاری رہا ۔

مصروف شاہراہوں پر گاڑیاں بارش کے تالاب میں تیرتی رہیں

کراچی کی مصروف شاہراہوں پر اتوار کے دن سے شدید ٹریفک جام ہے۔آئی آئی چندریگر روڈ ،ایم اے جناح روڈ اور شاہراہ فیصل کے بعض مقامات پر ٹریفک کی روانی شدید متاثر رہی ،گاڑیاں پانی کے تالاب میں تیرتی رہیں ۔ قیوم آباد چورنگی ،کورنگی کراسنگ روڈ ، نرسری فرنیچر مارکیٹ ،نیشنل ہائی وے کے بعض مقامات سمیت متعدد جگہوں سے پانی کی نکاسی نہیں ہوسکی ،جس کی وجہ سے ٹریفک اور راہ گیروں کو سخت دشواری جھیلنی پڑ رہی ہے ۔

بارش کے باوجود جانوروں کے نرخ نیچے نہیں آئے

دوسری جانب بارش کی وجہ سے مویشی منڈیوں میں بھی سناٹے کا سماں رہا ،بارش کے باوجود بھی جانوروں کی آسمان کو چھوتی قیمتوں میں کوئی واضح کمی نظر نہیں آئی۔قربانی کے خواہش مند مسلمانوں کو توقع تھی کہ بارشوں کے بعد ریٹ کم ہوجائیں گے ۔

عید کے موقع پر کراچی میں بارش کی پیشن گوئی

Be the first to comment

Leave a Reply