عید کے موقع پر کراچی میں بارش کی پیشن گوئی
کراچی (نیوز ڈیسک)محکمہ موسمیات نے عید کے موقع پر بارش کا امکان ظاہر کیا ہے۔چیف میٹرولوجسٹ سردار سرفراز کے مطابق کراچی سمیت ملک کے مختلف حصوں میں عید الاضحی کے دوران بادل برس سکتے ہیں۔
شہر قائد میں آج دوپہر اور شام کے وقت تیز بارش کا امکان
پیشن گوئی میں یہ بھی بتایا گیا ہے کہ کراچی میں آج دوپہر کے بعد اور شام کے وقت میں موسلا دھار بارش ہو سکتی ہے۔چیف میٹرولوجسٹ کا مزید کہنا ہے کہ مون سون ہواؤں کا رخ سندھ اور بلوچستان کی طرف ہے جس کے سبب شہر قائد میں کہیں کہیں گرج چمک کے ساتھ تیز بارش کی توقع ہے۔
مون سون کا آج کا اسپیل رات دیر تک جاری رہے گا
سردار سرفراز نے یہ بھی کہا ہے کہ مون سون کا آج کا اسپیل رات دیر تک جاری رہے گا جبکہ 35 کلو میٹر فی گھنٹہ کی رفتار سے ہواؤں کے جھکڑ چل سکتے ہیں۔ کراچی میں گزشتہ دنوں ہونے والی بارش کے نتیجے میں گرمی کی شدت میں قدرے کمی آئی ہے۔
گزشتہ دن بارش کی وجہ سے سڑکیں تالاب بن گئیں
شہر کے مختلف علاقوں میں سڑکوں کی صورت حال ابھی تک خراب ہے، بعض نشیبی مقامات پر سڑکوں پر جمع شدہ تاحال نہیں نکالا جا سکا ہے۔ گزشتہ دن ہونے والی بارش کے نتیجے میں صدر،لائٹ ہاوس،بولٹن مارکیٹ سمیت دیگر تجارتی مراکز کی سڑکیں تالاب کا منظر پیش کر رہی تھیں۔
صدر ودیگر علاقوں میں گھنٹوں ٹریفک روانی متاثر رہی
مصروف مارکیٹوں کی سڑکوں پر پانی جمع ہونے کے باعث گھنٹوں تک ٹریفک کی روانی تعطل کا شکار رہی۔ بعض جگہوں پر گاڑیاں بارش کے پانی میں ڈوبی رہیں۔شاہراہ فیصل میں عوامی مرکز کے قریب بدھ کی سہ پہر شدید ٹریفک جام رہا۔
2 Trackbacks / Pingbacks