ملک میں عید کے بڑے اجتماعات کہاں کہاں ہوں گے؟

کرونا کی شدت میں کمی کے بعد اجتماعات عید کی رونقیں بحال

ملک میں عید کے بڑے اجتماعات کہاں کہاں ہوں گے؟

رپورٹ؛ محمد نعمان حیدر

الحمدللہ امت مسلمہ کو اللہ پاک نے دو خصوصی تہوار عطا کیے ہیں، پہلا عید الفطر اور دوسرا عید الاضحیٰ۔
ان دونوں تہواروں کو مسلمان بڑے جوش و خروش سے ادا کرتے ہیں۔ ملک کے طول و عرض میں فکر معاش کی تلاش میں سرگرداں لوگ بھی یہ دونوں عیدیں اہتمام کے ساتھ منانے کے لیے اپنے اپنے گھروں میں لوٹ آتے ہیں۔ اور اپنے پیاروں میں رہ کر عید کی خوشیاں سمیٹتے ہیں۔

گزشتہ چند سالوں سے کرونا وائرس جیسی وبا نے جہاں دیگر بہت سارے سماجی معاملات اور معمولات زندگی کو متاثر کیا۔ وہیں ہمارے ہر قسم کے مذہبی اجتماعات کو بھی متاثر کیا ۔ بالخصوص امت مسلمہ کے سب سے اہم فریضہ حج بھی شدید متاثر ہوا۔

کرونا کی شدت میں کمی کے بعد اجتماعات عید کی رونقیں بحال

الحمدللہ اس سال کرونا وائرس کی وبا کے بادل چھٹتے ہی امت مسلمہ کا سب سے بڑا اجتماع حج مبارک کا منعقد ہوا۔ جس میں لاکھوں فرزندانِ توحید نے میدان عرفات میں فریضہ حج ادا کیا۔ اور اس کے ساتھ ساتھ ملک پاکستان میں بھی عید الفطر کے بعد یہ دوسری عید ہوگی۔ جس میں ملک بھر میں مختلف مقامات پر عید الاضحیٰ کے بڑے بڑے اجتماعات آزادانہ طور پر منعقد ہوں گے۔

واضح رہے کہ کرونا وائرس کے دو سال بعد پہلی بار عید الفطر کے موقع پر ملک میں اہم ترین مقامات پر عید کے تاریخی اجتماعات منعقد ہوئے۔ اب یہ دوسری بڑی عید ہوگی۔ جس میں بھرپور طریقے سے جوش و خروش کے ساتھ لوگ نماز عید الاضحی کا اہتمام کھلے طور پر کریں گے۔

کراچی کے بڑے اجتماعات

کراچی میں نماز عید کے بڑے اجتماعات ناظم آباد انو بھائی پارک،  دعوت اسلامی مرکز فیضان مدینہ، چائنا گراؤنڈ، نشتر پارک، میمن مسجد، جامع مسجد بنوری ٹاؤن، دارالعلوم کورنگی،جامع مسجد رحمانیہ، کوکن گراؤنڈ بہادر آباد، امام بارگاہ شاہ خراساں، امام بارگاہ ایرانیاں حسینیاں کھارادر اور امام بارگاہ انچولی میں منعقد ہوں گے۔

کراچی کا سب بڑا اور تاریخی اجتماع

کراچی کا سب سے بڑا اجتماع گلشن جناح پولو گراؤنڈ میں منعقد ہوگا جس کی امامت مولانا احمد سلیمی کروائیں گے ۔یہاں ہونے والی نماز عید میں قومی و صوبائی اسمبلیوں کے وزرا اور ممبران قومی و صوبائی اسمبلی سمیت شہر کے اہم ترین لوگ شریک ہوں گے۔ یہ تاریخی اجتماع1958 سے منعقد ہوتا چلا آ رہا ہے۔

کراچی کے ممتاز علماء کہاں کہاں امامت کرائیں گے؟

Eid gatherings in Pakistan
الحمدللہ امت مسلمہ کو اللہ پاک نے دو خصوصی تہوار عطا کیے ہیں، پہلا عید الفطر اور دوسرا عید الاضحیٰ۔

ناظم آباد عید گاہ گراونڈ میں ہونے والے عظیم الشان اجتماع میں ممتاز عالم دین مولانا مفتی محمد تقی عثمانی امامت کرائیں گے۔ نشتر پارک میں مولانا تنویر الحق تھانوی خطابت اور امامت کے فرائض ادا کریں گے۔ ٹی گراونڈ فیڈرل بی ایریا میں معروف عالم دین مولانا مفتی منیب الرحمن نماز عید کی امامت کرائیں گے۔

جامعہ دارالعلوم کراچی کورنگی کی عیدگاہ میں مولانا عزیز الرحمن نماز پڑھائیں گے۔ یہاں مفتی محمد رفیع عثمانی امامت کیا کرتے تھے گزشتہ دو سالوں سے علالت کے باعث امامت نہیں کراتے

بلوچستان کے بڑے اجتماعات

بلوچستان کے صوبائی دارالحکومت کوئٹہ میں طوغی روڈ مرکزی عیدگاہ میں عید الاضحیٰ کا سب سے بڑا اجتماع ہوگا جس کی امامت مولانا انوار الحق حقانی مرکزی خطیب کریں گے ۔ اس کے علاوہ میٹرو پولیٹن میں بھی عید کا بڑا اجتماع منعقد ہوگا۔

اسلام آباد کے نمایاں اجتماعات

ملک کے دارالحکومت اسلام آباد میں عید الاضحی کا سب سے بڑا اجتماع فیصل مسجد میں منعقد ہوگا جس میں پروفیسر طاہر حکیم خطبہ عید دیں گے واضح رہے کہ پروفیسر کو حالیہ عید الفطر کی تکبیریں بھولنے کی وجہ سے دوبارا نماز پڑھانی پڑی تھی۔

اس کے علاوہ لیاقت باغ ، راجہ بازار ، مسجد تعلیم القرآن اور گولڑہ شریف سمیت سیکڑوں مقامات پر عید کے چھوٹے بڑے اجتماعات ہوں گے۔

پنجاب کے اہم اجتماعات

پنجاب کے صوبائی دارالحکومت لاہور میں عید الاضحیٰ کا سب سے بڑا اجتماع بادشاہی مسجد لاہور میں منعقد ہوگا جس میں مولانا عبد الخبیر آزاد امامت کے فرائض سر انجام دیں گے۔ اس کے علاوہ جامعہ اشرفیہ ،دربار حضرت علی ہجویری اور جامعہ نعیمیہ سمیت دو ہزار کے لگ بھگ چھوٹے بڑے مقامات پر عید کے اجتماعات منعقد ہوں گے۔

ملتان کا سب سے بڑا اجتماع

ملتان میں عید کا سب سے بڑا اجتماع شاہی عید گاہ میں ہوگا، اس کے علاوہ قلعہ کہنہ قاسم باغ ، جامعہ خیرالمدارس ، جامعہ عمر بن خطاب اور جامعہ قاسم العلوم سمیت سیکڑوں مقامات پر عید کے چھوٹے بڑے اجتماعات منعقد ہوں گے۔

پشاور کا سب سے بڑا اجتماع

پشاور میں نماز عید الاضحی کا سب سے بڑا اجتماع عید گاہ پشاور میں منعقد ہوگا جس میں صوبائی چیف خطیب مولانا طیب قریشی خطبہ عید الاضحیٰ دیں گے، اس اجتماع میں اہم سیاسی و سماجی شخصیات شریک ہوں گی اس کے علاوہ سیکڑوں مقامات پر چھوٹے بڑے اجتماعات ہوں گے۔

آزاد کشمیر

آزاد کشمیر میں عید الاضحیٰ کے تین سو چھوٹے بڑے اجتماعات ہوں گے اور سب سے بڑا اجتماع مرکزی عیدگاہ مظفر آباد میں ہوگا جس میں سیاسی شخصیات شریک ہوں گی۔

سوات

سوات میں عید کا سب سے بڑا اجتماع مسجد اللہ اکبر میں ہوگا اس کے علاوہ کالام ، مدین ، بحرین ، دارالعلوم مٹہ، کمراٹ کوہستان شانگلہ میں بھی عید کے چھوٹے بڑے اجتماعات ہوں گے۔

چترال

اسی طرح چترال میں عید الاضحی کا سب سے بڑا اجتماع کرنل مراد اسٹیڈیم دروش میں ہوگا اس کے علاوہ شاہی مسجد چترال کا عید کا اجتماع بھی ہزاروں افراد پر مشتمل ہوتا ہے جہاں مولانا خلیق الزماں خطابت و امامت کے فرائض نبھائیں گے۔ علاوہ ازیں عید گاہ ایون میں بھی ایک بڑا مجمع ہوگا جہاں مولانا کمال الدین امامت کرائیں گے۔

ممتاز شخصیات کی عید

اس سال مولانا فضل الرحمٰن ، مولانا طارق جمیل سمیت سیکڑوں علماء نے سعودی عرب میں فریضہ حج ادا کیا۔اس لئے عید کی نماز بھی سعودی عرب میں ادا کریں گے۔ وزیراعظم میاں محمد شہباز شریف اور حمزہ شہباز شریف جاتی امرا لاہور میں عید منائیں گے۔ امیر جماعت اسلامی سراج الحق اور لیاقت بلوچ منصورہ لاہور میں عید کی نماز پڑھیں گے۔

تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان اسلام آباد اور صدر عارف علوی فیصل مسجد اسلام آباد میں ،جاوید ہاشمی ملتان میں عید الاضحیٰ کی نماز ادا کریں گے۔

Be the first to comment

Leave a Reply