کراچی میں بارشوں نے تباہی مچا دی

بارشوں نے کراچی میں تباہی مچا دی ،پورا شہر پانی میں ڈوب گیا ،نظام زندگی درہم برہم ،مختلف واقعات میں 6 افراد جاں بحق ۔ محکمہ موسمیات نے 19 جولائی تک بارشوں کی پیش گوئی کر دی ۔

کراچی میں بارشیں

کراچی (ایجو تربیہ ڈیسک) بارشوں نے کراچی میں تباہی مچا دی ،پورا شہر پانی میں ڈوب گیا ،نظام زندگی درہم برہم ،مختلف واقعات میں 6 افراد جاں بحق ۔ محکمہ موسمیات نے 19 جولائی تک بارشوں کی پیش گوئی کر دی ۔

ایک خاتون جاں بحق ،کاروباری مراکز زیر آب

تفصیلات کے مطابق مون سون بارشوں نے کراچی میں تباہی مچا دی ،شہر کے اکثر علاقے، کاروباری مراکز زیر آب آگئے ۔پیر کے روز کرنٹ لگنے،ڈوبنے سمیت مختلف حادثات میں خاتون سمیت 6 افراد جان کی بازی ہار گئے ۔

وزیراعظم کا وزیر اعلیٰ سندھ سے رابطہ ،تعاون کی یقین دہانی

اعظم پاکستان میاں شہباز شریف نے کراچی کی بارش کے بعد وزیر اعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ سے رابطہ کیا ہے اور انہیں موجودہ صورت حال میں وفاقی حکومت کی جانب سے بھرپور تعاون کا یقین دلایا ہے۔

اوپر بادل برستے رہے نیچے گٹر ابلتے رہے ،سڑکیں تالاب بن گئیں

دو دن کی بارش نے صوبائی اور شہری انتظامیہ کی کارکردگی کا بھانڈہ پھوڑ دیا ، سڑکیں تالاب بن گئیں ،گلی محلے جھیلوں میں تبدیل ہوگئے، اوپر سے بادل وقفے وقفے سے برستے رہے نیچے کٹر مسلسل ابلتے رہے ۔

کلفٹن اور ڈیفنس جیسے پوش علاقے بھی پانی میں ڈوب گئے

گوٹھوں اور مضافاتی علاقوں کو تو رہنے دیں شہر کے پوش علاقے بھی پانی میں ڈوب چکے ہیں ۔ڈیفنس اور کلفٹن کے اکثر علاقوں پر پانی کا راج ہے، پانی گھروں میں بھی داخل ہوگیا ، ہوٹل ،دکانیں اور مارکیٹیں پانی کی وجہ سے بند رہیں ۔

ڈیفنس کے توحید کمرشل ، اتحاد کمرشل ، خیابان شمشیر، خیابان بحریہ،خیابان مجاہد سمیت متعدد حصے بارشِ میں مکمل ڈوب گئے۔ کلفٹن میں سی ویو،بدر کمرشل،صباایونیو ودیگر علاقوں پر بھی پانی کا راج قائم ہے۔

صدر،لائٹ ہاؤس ،بولٹن مارکیٹ مکمل طور پر زیر آب

صدر کی اکثر مارکیٹیں ، لائٹ ہاؤس اور بولٹن مارکیٹ مکمل طور پر پانی میں غرق ہوگئے ۔ سیکڑوں دکانوں کے اندر پانی گھس گیا ہے، کراچی بھر میں کاروباری سرگرمیاں ٹھپ ہیں، اکثر مارکیٹوں میں دکانوں کے باہر باہر پانی جمع ہےجس کی وجہ سے دکان دار دکانیں بند رکھنے پر مجبور ہیں ،ہوٹلوں اور چائے کے ڈھابوں کی بھی یہی صورت حال ہے۔اکثر مقامات پر ہوٹل اور تندوریں بند ہیں جس کے باعث عوام کو شدید پریشانی درپیش ہے ۔

ملیر ندی میں طغیانی ، متعدد لنک روٹس ٹریفک کے لئے بند

آئی آئی چندریگر روڈ ،ایم اے جناح روڈ ،شایراہ فیصل سمیت اکثر چھوٹی بڑی شاہراہیں تالاب بن چکی ہیں، عوام کی حفاظت کے پیشِ نظر ملیر ندی لنک روڈ، کورنگی کراسنگ روڈ لنک روڈ سمیت متعدد راستے عوامی ٹریفک کے لئے بند کر دئیے گئے ہیں۔

مختلف علاقوں میں طویل لوڈ شیڈنگ ،قربانی کا گوشت خراب ہونے لگا

بارانی صورت حال کے ساتھ ساتھ کراچی کے شہریوں کو بجلی کی لوڈ شیڈنگ کے عذاب کا بھی سامنا ہے ،مختلف علاقوں میں بجلی کی آنکھ مچولی بھی جاری ہے ، منگل کے روز گلستان جوہر ،شاہراہ لیاقت، محمود آباد،سندھی مسلم سوسائٹی اور ڈیفنس فیز فور سمیت متعدد علاقوں میں بیس بیس گھنٹے بجلی کی بندش جاری رہی جس کے سبب عوام کا نظام زندگی شدید متاثر رہا ، فریزر بند رہنے کے باعث بہت سے گھروں قربانی کا گوشت خراب ہونے کی شکایات سامنے آئیں ۔

سڑکوں پر پانی جمع ،تیل کمپنیوں نے سپلائی روک دی

دریں اثنا سڑکوں پر پانی جمع ہونے کی وجہ سے تیل کمپنیوں نے کراچی کےلئے سپلائی روک دی ہے۔ سڑکوں کی صورت حال بہتر ہونے تک ترسیل رکی رہے گی ۔ اگر بارشوں کا سلسلہ دیر تک جاری رہا تو خدشہ ہے کہ شہر میں تیل کی قلت پیدا ہو جائے جس کے نتیجے میں قیمتیں مزید بڑھ جائیں ۔

ڈیفنس میں سب سے زیادہ 233 ملی لیٹر بارش ریکارڈ

حالیہ دو دنوں میں کراچی میں سب سے زیادہ بارش ڈی ایچ اے میں ہوئی جس کی مقدار 233 ملی میٹر ریکارڈ کی گئی جبکہ مسرور بیس 172 ملی میٹر کے ساتھ دوسرے نمبر پر رہا ۔

وزیر اعلیٰ سندھ نے تجاوزات کو صورت حال کا ذمہ دار قرار دے دیا

وزیر اعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ نے پیر کے روز کراچی کے مختلف متاثرہ علاقوں کا دورہ کیا اس موقع پر ایڈمںسٹریٹر کراچی مرتضی وہاب ودیگر حکام بھی ان کے ہمراہ تھے ۔وزیر اعلی نے تجاوزات کو موجودہ سیلابی صورتحال کا ذمہ دار قرار دیا ۔انہوں نے توقع ظاہر کی کہ جلد صورت حال کو کنٹرول کریں گے ۔

3 Trackbacks / Pingbacks

  1. آج سے بارشوں کا نیا سلسلہ ملک میں داخل ہوگا - EduTarbiyah.com
  2. مون سون کا چوتھا اسپیل 6 اگست کو کراچی میں داخل ہوگا - EduTarbiyah.com
  3. بارشوں کا نیا سلسلہ آج سے ملک میں داخل ہوگا - EduTarbiyah.com

Leave a Reply