منافرت پیدا کرنے والے کاموں سے دور رہو! خطبہ حج میں امام حج کی اپیل

منافرت پیدا کرنے والے کاموں سے دور رہو! امام حج کی اپیل
رواں سال حج کے موقع پر خطبہ حج دیتے ہوئے شیخ محمد بن عبد الکریم العیسیٰ نے مسلمانوں کو تلقین کی کہ وہ اللہ کی عبادت کریں کیونکہ وہی ہمارا واحد معبود ہے

رواں سال حج کے موقع پر خطبہ حج دیتے ہوئے شیخ محمد بن عبد الکریم العیسیٰ نے مسلمانوں کو تلقین کی کہ وہ اللہ کی عبادت کریں کیونکہ وہی ہمارا واحد معبود ہے۔ انہوں نے مسلمانوں کو نصیحت کی اللہ تعالیٰ سے ڈریں، بے شک اللہ تعالیٰ ہر چیز سے واقف ہے۔

تقوی قرب الہٰی کا ذریعہ ہے، شیخ محمد بن عبد الکریم

شیخ محمد بن عبد الکریم نے مزید کہا کہ اہل ایمان وہ تمام عبادات بجا لائیں جن کا حکم اللہ نے اپنے نبی حضرت محمد صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کے ذریعے دیاہے۔ ان کا کہنا تھا کہ اللہ سب کچھ جانتا ہے جو ہم اور تم کرتے ہیں ،اللہ نے زکوٰة ادا کرنے کا حکم دیا ہے، اللہ نے نماز اور روزے رکھنے کا حکم دیا ہے۔ جو تقویٰ اختیار کرتا ہے وہ اللہ تعالیٰ کا قرب حاصل کرتا ہے۔

اسلام درگزر کا درس دیتا ہے،خطبہ حج میں پیغام

خطبہ حج میں زور دیا گیا کہ مسلمان اسلام کی دعوت عام کرنے کی کوشش کریں، لوگوں کو معاف کر دیا کریں۔ خطیب حج نے کہا کہ رسول ﷺ نے فرمایا جن کے اخلاق اچھے ہوں گے وہ قیامت کے دن میرے زیادہ قریب ہوں گے۔ انہوں نے تلقین کی کہ خیر کے کاموں میں مسلمان ایک دوسرے کے ساتھ تعاون کریں۔

ڈاکٹر عیسی کی مسلمانوں کو احترام انسانیت کی تلقین

ان کا مزید کہنا تھا کہ مسلمان نافع بنیں، لوگوں کو نفع پہنچائیں، انسانیت کی قدر اور احترام کرنا مسلمانوں پر لازم ہے۔ ایک مسلمان کے لئے سب سے بڑی نعمت توحید کی نعمت ہے۔

ڈاکٹر محمد بن عبد الکریم العیسیٰ نے مزید کہا کہ اسلامی اقدار کا تقاضہ ہے جو چیز نفرت کا باعث ہو اس سے دور رہا جائے۔ انہوں نے مساوات کا درس دیتے ہوئے کہا کہ سارے انسان آدم علیہ السلام کی اولاد ہیں، اور آدم علیہ السلام مٹی سے بنے ہیں۔ اللہ کے نزدیک بلند مرتبہ وہ ہے جو متقی ہو۔

حج کا خطبہ جمعے کو میدان عرفات میں دیا گیا

واضح رہے حج 2022 کا خطبہ جمعے کے روز میدان عرفات کی مسجد نمرہ میں دیا گیا۔ جہاں دنیا بھر سے آئے ہوئے دس لاکھ حجاج کرام نے حج کی سعادت حاصل کی۔ رواں سال ڈاکٹر محمد بن عبد الکریم العیسیٰ کو حج کا خطیب مقرر کیا گیا تھا۔

دنیا کی 14 زبانوں میں عربی خطبے کا ترجمہ نشر ہوا

جمعے کے روز دیا جانے والا خطبہ حج میدان عرفات سے 14 زبانوں میں براہ راست نشر کیا گیا جسے دنیا کے طول وعرض میں ڈیڑھ کروڑ افراد نے سنا۔جدید ٹیکنالوجی اور آلات کے ذریعے حج کا خطبہ انگریزی، فرانسیسی، اردو، فارسی، روسی، چینی، بنگالی، ترکی، ملاوی، ہندی، اسپینی، تامل اور دیگر زبانوں میں عربی خطبے کا ترجمہ نشر کیا گیا۔

1 Trackback / Pingback

  1. عربوں کی عجمی عالم سے محبت اور عربی عالم سے نفرت - EduTarbiyah.com

Leave a Reply