Columns

رمضان کی قدر کیسے کریں؟

رمضان کی قدر کیسے کریں؟

مولانا امداد الحق بختیار قاسمی

رمضان المبارک کا مہینہ اللہ جل شانہ کی بڑی عظیم نعمت ہے۔اللہ کے باتوفیق بندے ہی اس قدر جانتے ہیں اور اس کے انوار وبرکات سے پورے طور پر مستفید ہوتے ہیں؛ چنانچہ رسول اللہ … جب رجب کے مہینہ کا چاند دیکھتے تو یہ دعا فرمایا کر تے تھے:

” اللّٰہم بارک لنا فی رجب وشعبان وبلغنا رمضان”․(مجمع الزوائد:۴۷۷۴) اے اللہ ہمارے لیے رجب اور شعبان کے مہینوں میں برکت عطا فرمااور ہمیں رمضان کے مہینے تک پہنچا دیجیے۔ رمضان سے دو مہینہ پہلے ہی اس کا انتظار اور اشتیاق وہی کر سکتا ہے جسے رمضان المبارک کی صحیح قدر وقیمت معلوم ہو۔

رمضان المبارک کے کچھ اہم معمولات

اگر ہم بھی چاہتے ہیں کہ رمضان کی برکتوں سے محظوظ ہوں ، تو ہمارے اوپر لازم ہے کہ اس مبارک مہینہ کی قدر کریں،اس مہینہ کے اعمال اور عبادات کوپورے اہتمام کے ساتھ ادا کریں ،ادنی کوتاہی سے بھی مکمل احتیاط کی کوشش کریں، اللہ اور اس کے رسول … کے فرمان کے مطابق یہ مقدس مہینہ ہمیں گزاریں ، نفس اور شیطان سے دوری اختیار کریں۔ اور درج ذیل کاموں پابندی اور اچھے طریقے سے ادا کریں۔

(1) روزہ کا اہتمام

رمضان المبارک کی سب سے بڑی عبادت روزہ رکھنا ہے، اللہ تعالی کا ارشاد ہے: یَا أَیُّہَا الَّذِیْنَ آمَنُواْ کُتِبَ عَلَیْکُمُ الصِّیَامُ کَمَا کُتِبَ عَلَی الَّذِیْنَ مِن قَبْلِکُمْ لَعَلَّکُمْ تَتَّقُونَ․ (سورة بقرة: ۱۸۳) اے ایمان والوں! تمہارے اوپر روزے اسی طرح فرض کیے گئے ہیں جیسے پہلی امتوں پر فرض کیے گئے تھے؛ تاکہ تم تقوی اختیار کرو۔ اور رسول اللہ تعالیٰ کا ارشاد گرامی ہے: ”جعل اللّٰہ صیامہ فریضة“ (شعب الایمان، بیہقی، حدیث نمبر: ۳۳۳۶) یہ ایسا مہینہ ہے جس کے روزے اللہ نے فرض قرار دئے ہیں، رمضان کے روزوں کا ایک بڑا فائدہ یہ ہے کہ اس سے پچھلے تمام گناہ معاف ہوجاتے ہیں، آپ صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کا ارشاد ہے: ”من صام رمضان ایمانا واحتسابا غفرلہ ما تقدم من ذنبہ“․(بخاری:۳۸، مسلم: ۷۶۰) جو حضرات ایمان کی حالت اور ثواب کی نیت سے رمضان کے روزے رکھتے ہیں، ان کے گزشتہ سب گناہ معاف کردئے جائیں گے۔
اسی طرح یہ روزے کل قیامت کے دن ہمارے لیے سفارش کریں گے اور جہنم کے عذاب سے بچانے میں اہم کردار ادا کریں گے(شعب الایمان، بیہقی، حدیث نمبر: ۳۳۳۶) رمضان المبارک کے روزوں کی قدر وقیمت اور اہمیت کا اندازہ آپ صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کے اس مبارک ارشاد سے بھی لگایا جاسکتا ہے: ”من افطر یوما من رمضان من غیر رخصة ولا مرض، لم یقض عنہ صوم الدہرکلہ وإن صامہ“․ (ترمذی: ۷۲۳) جو شخص سفر یا بیماری جیسے کسی شرعی عذر کے بعد رمضان کا ایک روزہ بھی چھوڑ دے پھر اگر وہ اس کی قضاء کے طور پر عمر بھر بھی روزے رکھتا رہے تو رمضان کے چھوٹے ہوئے روزے کا حق ادا نہیں ہوسکتا۔ ان تمام ارشادات نبوت سے یہ قیمتی ہدایت ملتی ہے کہ رمضان المبارک کے مہینہ میں تمام مسلمانوں کو روزوں کا اہتمام کرنا چاہیے۔بغیر کسی عذر شرعی کے روزے قضا کرنا انتہائی درجہ کی محرومی ہوگی۔

(2) گناہوں سے بچنے کا اہتمام

رمضان المبارک میں سب سے اہم اور بنیادی چیزیہ ہے کہ ہم گناہوں سے مکمل پرہیز کریں، گناہوں کے ساتھ روزوں کی برکات اور رمضان کے انوار کا حقیقی لطف نہیں مل سکتا۔ آپ صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کا ارشاد عالی ہے:

” وإذا کان یوم صوم أحدکم فلا یرفث ولا یصخب، فإن سابہ أحد أو قاتلہ فلیقل إنی أمرء صائم”(بخاری: ۱۹۰۴)

ترجمہ؛ جب کسی کا روزہ ہو تو وہ فحش اور گندی باتیں اور شوروشغب بالکل نہ کرے اور اگر کوئی دوسرا شخص اس سے الجھے اور غلط باتیں کرے پھر بھی روزہ دار اس سے کوئی سخت بات نہ کہے، بلکہ صرف اتنا کہہ دے کہ جناب! میرا روزہ ہے۔

اس ہدایت میں اشارہ ہے کہ روزہ کی خاص فضیلتیں اور برکتیں انہی کو حاصل ہوتی ہیں، جو گناہوں سے حتی کہ بری اور ناپسندیدہ باتوں سے بھی پرہیز کرتے ہیں۔

اللہ تعالیٰ نے رمضان میں شر کے تمام راستے بند کردئے ہیں

ہمیں اس بات کا بھی خیال رکھنا چاہیے کہ اللہ تبارک وتعالیٰ ہمارے روزوں کی حفاظت کے لیے، سرکش شیاطین کو قید کردیتے ہیں، جہنم کے تمام دروازے بند کردیتے، یعنی شر کے تمام راستے بند کردیتے ہیں، جب اللہ کی طرف سے ہمارے روزوں کی حفاظت کا اتنا اہتمام ہے تو اگر ہم خود اپنے روزوں کو غلط چیزوں سے محفوظ نہ رکھ سکیں تو یہ کتنی بے غیرتی کی بات ہوگی۔

(3) دوسروں کو افطار کرانے کا اہتمام

رمضان کے مبارک مہینہ میں جہاں اپنے اور اپنے اہل خانہ کے لیے افطار کا انتظام کرنا باعث ثواب ہے، وہیں مسافروں، غریبوں اور راہگیروں کا بھی ہمیں خیال رکھنا چاہیے، یہ ایک بڑی فضیلت اور فائدے کی چیزہے، اس فضیلت کو حاصل کرنے کا موقع ہمیں صرف رمضان کے مہینہ میں ہی پورے طور پر ملتا ہے، آپ صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم فرماتے ہیں: ”مَنْ فَطَّرَ فِیہِ صَائِمًا کَانَ لَہُ مَغْفِرَةً لِذُنُوبِہِ، وَعِتْقَ رَقَبَتِہِ مِنَ النَّارِ، وَکَانَ لَہُ مِثْلُ أَجْرِہِ مِنْ غَیْرِ أَنْ یُنْقَصَ مِنْ أَجْرِہِ شَیْءٌ قُلْنَا: یَا رَسُولَ اللّٰہِ! لَیْسَ کُلُّنَا یَجِدُ مَا یُفْطِرُ الصَّائِمَ، فَقَالَ رَسُولُ اللّٰہِ صَلَّی اللَّہُ عَلَیْہِ وَسَلَّمَ: یُعْطِی اللّٰہُ ہَذَا الثَّوَابَ مَنْ فَطَّرَ صَائِمًا عَلَی مَذْقَةِ لَبَنٍ أَوْ تَمْرَةٍ أَوْ شَرْبَةٍ مِنْ مَاءٍ، وَمَنْ أَشْبَعَ صَائِمًا سَقَاہُ اللّٰہُ مِنْ حَوْضِی شَرْبَةً لَا یَظْمَأُ حَتَّی یَدْخُلَ الْجَنَّةَ“․

(ترجمہ) جس نے کسی روزے دار کو اس مہینہ میں افطار کرایا تو یہ اس کے لیے گناہوں سے مغفرت اور جہنم سے نجات کا ذریعہ ہوگا، نیز افطار کرانے والے کو روزے دار کے برابر ثواب دیا جائے گا اور روزے دار کے ثواب میں کوئی کمی بھی نہیں ہوگی۔ صحابہ رضوان اللہ علیہم اجمعین نے سوال کیا: یا رسول اللہ! ہم میں سے ہر ایک میں افطار کرانے کی استطاعت نہیں ہے( تو کیا غریب لوگ اس عظیم ثواب سے محروم رہیں گے؟) آپ صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم نے جواب دیا: اللہ تعالیٰ یہ ثواب اس شخص کو بھی دے گا جو افطار کے لیے روزہ دار کودودھ کی تھوڑی لسی یا تھوڑا پانی ہی پیش کردے، اس طرح آپ… نے فرمایا: لیکن جو کسی روزے دار کو پیٹ بھر کھانا کھلادے اس کو اللہ تعالیٰ میرے حوض کوثر سے ایسا سیراب کرے گا جس کے بعد اسے جنت میں داخلہ تک کبھی پیاس ہی نہیں لگے گی۔(شعب الایمان، بیہقی، حدیث نمبر: ۳۳۳۶)

(4)تراویح کی پابندی

رمضان المبارک کے مہینہ میں ایک اہم اور روزانہ ادا کی جانے والی عبادت تراویح کی نماز بھی ہے، نبی پاک صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم فرماتے ہیں: ”وقیام لیلہ تطوعا“ اللہ تعالیٰ نے رمضان کی راتوں میں قیام یعنی تراویح کی نماز کوا فضل عبادت مقرر کیا ہے۔(شعب الایمان، بیہقی، حدیث نمبر: ۳۳۳۶)ایک دوسری حدیث میں یہ مضمون ہے: ”ومن قام رمضان ایمانا واحتسابا غفر لہ ماتقدم من ذنبہ“ (بخاری:۳۷، مسلم:۷۵۹) جو حضرات رمضان کی راتوں میں نفل یعنی تراویح کی نماز پڑھیں گے ان کے پچھلے سب گناہ معاف کردئے جائیں گے۔

لہٰذا اختلاف کے رد عمل (Side Effect) سے متاثر ہوئے بغیر ہمیں رمضان کی راتوں کو تراویح اور تہجد سے زندہ رکھنا چاہیے، بیس رکعات تراویح کا اہتمام کرنا چاہیے، اسی پر صحابہ کا عمل تھا، اور اس وقت سے اب تک تقریبا 80 فیصد امت کا بھی اسی پر عمل ہے، یہاں میرا مقصود کسی کو غلط قرار دینا نہیں ہے، بس رمضان کی انمول ساعتوں کے پیش نظر ایک خیرخواہانہ دعوت عمل ہے۔ تاکہ زیادہ سے زیادہ نیکیاں ہمارے نامہ اعمال میں درج ہو سکیں۔

رمضان خیر خواہی کا مہینہ

اس مہینہ کی صحیح قدر اسی وقت ہوگی، جب ہم اس کے ایک ایک پیغام کوملحوظ رکھیں اور ان پر عمل کرنے کی کوشش کریں، رمضان المبارک کی ایک بڑی صفت اور خاصیت یہ ہے کہ یہ ہمیں صبر ، غم خواری اور خیر خواہی کی دعوت دیتا ہے، پیارے نبی کا مقدس ارشاد ہے: ”وہو شہر لصبر والصبر ثوابہ الجنة، وشہر المواساة“ (شعب الایمان، بیہقی، حدیث نمبر: ۳۳۳۶)یہ صبر کا مہینہ ہے اور صبر کا بدلہ جنت ہے اور یہ غم خواری کا مہینہ ہے۔ یعنی ہمیں اس مہینہ میں طبیعت کے خلاف اور ناپسندیدہ باتوں کو بہت ہی تحمل کے ساتھ برداشت کرنا چاہیے، نیز اس لیے آپ… اس مہینہ میں کثرت سے سخاوت فرماتے تھے اور لوگوں پر خرچ کرتے تھے، اگرچہ آپ کی سخاوت پورے سال جاری رہتی تھی۔(بخاری:۶)

شب قدر کی تلاش کا اہتمام

شب قدر بڑی انمول نعمت ہے، اللہ تعالیٰ نے یہ مبارک رات صرف اس امت کو عطا کی ہے، غالب گمان یہی ہے کہ یہ رات رمضان کے مہینہ اور اس کے آخری عشرہ میں ہوتی ہے، اس رات کی فضیلت اور منفعت انتہائی عظیم ہے، اس رات کی عبادت کو اللہ تعالیٰ نے اپنے مقدس کلام میں ہزار مہینہ کی عبادت سے بھی بہتر قرار دیا ہے (سورہ قدر) اسی مہینہ میں رسول اللہ… اس کی تلاش کے لیے اور اسے پانے کے لیے خصوصی اہتمام فرماتے تھے(متفق علیہ) اور امت کو بھی اس کی تاکید اور وصیت فرمائی ہے۔(بخاری: ۲۰۲۰)

آخری عشرے کا اعتکاف

رمضان کی خاص اور اپنی نوعیت کی ایک انوکھی عبادت اعتکاف ہے،رسول اللہ صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم پابندی سے اخیر عشرہ کا اعتکاف فرماتے تھے، اس خصوصی عبادت کی احادیث مبارکہ میں بڑی فضیلت آئی ہے، اس کا ایک بڑا فائدہ رسول اللہ صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم نے یہ بیان فرمایا ہے کہ اس کی وجہ سے انسان گناہوں سے محفوظ رہتا ہے اور اعتکاف کی وجہ سے جو عبادتیں وہ نہیں کرپاتا ان کا ثواب بھی اسے ملتا ہے، آپ … کا فرمان ہے: ”ہو یعتکف الذنوب ویجری لہ من الحسنات کعامل الحسنات کلہا“ (ابن ماجہ: ۱۷۸۱) وہ اعتکاف کی وجہ سے گناہوں سے بچا رہتا ہے اور نیکی کرنے والے بندوں کی طرح اس کی نیکیاں جاری رہتی ہیں اور اس کے نامہٴ اعمال میں لکھی جاتی رہتی ہیں۔

اعتکاف کی حقیقت

اعتکاف کی حقیقت یہ ہے کہ ہر طرف سے تعلق ختم کرکے بندہ اللہ کی طرف یکسو اور متوجہ ہوجائے،اس کے در پہ پڑجائے اور بالکل علیحدہ ہوکر اس کی عبادت اور اس کے ذکر وفکر میں مشغول رہے۔ اعتکاف کے اپنے ذاتی فوائد اور فضائل کے ساتھ ایک اہم اور بڑا فائدہ یہ ہے کہ اس کی وجہ سے بندہ کوشب قدر مل جاتی ہے، اور وہ اس کی فضیلت اور ثواب سے بہرہ ور ہوتا ہے۔

قرآن اور رمضان کا خاص تعلق

قرآن کریم کا رمضان المبارک کے مہینہ کے ساتھ خاص تعلق ہے، رمضان میں ہی قرآن نازل کیا گیا(سورہ بقرہ: ۱۸۵، سورہ قدر) اسی وجہ سے نبی کریم صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم اس مبارک مہینہ میں قرآن کی تلاوت کا خاص اہتمام فرماتے تھے، حتی کہ آپ… جبریل امین کو رحمت والے اس مہینہ میں قرآن سناتے تھے(بخاری: ۶) لہٰذا ہم سب کو اس مقدس مہینہ میں کتاب الٰہی کے تعلق سے دو کام کرنے چاہیے
(۱) زیادہ سے زیادہ اس کی تلاوت کرنی چاہیے، بعض سلف سے مروی ہے کہ وہ اس مہینہ میں 60 سے 70 مرتبہ قرآن کریم ختم کرلیاکرتے تھے، ہمیں بھی کثرت تلاوت کا اہتمام کرنا چاہیے،
(۲)دوسرا کام یہ کرنا چاہیے کہ علماء کی سرپرستی میں قرآن کو سمجھنے کی کوشش کرنی چاہیے، تاکہ اللہ کا پیغام اور اس کے احکام ہمیں معلوم ہوسکیں۔

رمضان کی قیمتی ساعتیں اور کرنے کا کام

رمضان المبارک کے فضائل، برکات، فوائد اورمنافع کا تقاضہ یہ ہے کہ ہم اپنے آپ کو اس ماہ کے لیے بالکل فارغ کرلیں، صرف اور صرف عبادت میں زیادہ سے زیادہ وقت خرچ کریں، ایک ایک گھڑی کا حساب لگائیں، کوئی ساعت ضائع ہوجائے تو اس پر افسوس کریں، ایک مہینہ اللہ کے در پر پڑے رہیں، گیارہ مہینہ کے مسائل اللہ حل فرمادیں گے، اس کی قیمتی ساعتوں کا اندازہ اس بات سے لگایا جاسکتا ہے کہ اس ماہ میں کسی بھی نفل کام کرنے پر فرض عبادت کا ثواب ملتا ہے ، اور ایک فرض ادا کرنے پر ستر فرض کا ثواب ملتا ہے، اللہ کے نبی کا ارشاد گرامی ہے: ”مَنْ تَقَرَّبَ فِیہِ بِخَصْلَةٍ مِنَ الْخَیْرِ کَانَ کَمَنْ أَدَّی فَرِیضَةً فِیمَا سِوَاہُ، وَمَنْ أَدَّی فَرِیضَةً فِیہِ کَانَ کَمَنْ أَدَّی سَبْعِینَ فَرِیضَةً فِیمَا سِوَاہُ“(شعب الایمان، بیہقی، حدیث نمبر: ۳۳۳۶)

اس مہینہ میں اللہ کی رضا اور اس کا قرب حاصل کرنے کے لیے کوئی غیر فرض عبادت (سنت یا نفل) ادا کرے گا تو اس کو دوسرے مہینوں کے فرضوں کے برابر ثواب ملے گا اور جو اس مہینہ میں فرض عبادت ادا کرے کا تو دوسرے مہینہ کے ستر فرضوں کے برابر ثواب ملے گا۔ لہٰذا ہمیں رمضان المبارک کی ہر گھڑی میں کسی نہ کسی فرض، سنت یا نفل عبادت میں مشغول رہنا چاہیے، کوئی لمحہ اس سے خالی نہ جائے۔

جہنم سے نجات کا پروانہ

اس مہینہ کی ایک بڑی کشش اور عظیم فائدہ یہ ہے کہ اس مہینہ میں اللہ تعالیٰ اپنے نیک بندوں کو مغفرت عطا فرماتے ہیں، انہیں جہنم سے چھٹکارا اور نجات کا پروانہ عطا فرماتے ہیں، اور ایسا نہیں ہے کہ یہ قیمتی نعمت بلکہ انسانی زندگی کا سب سے بڑا مقصد مشکل سے ہاتھ آتا ہے، بلکہ بارش کی طرح اللہ کی طرف سے مغفرت کے پروانے نازل ہوتے ہیں،ذرا سی محنت اور کوشش سے بھی یہ عظیم نعمت حاصل ہوسکتی ہے، آسانی کے ساتھ اس نعمت کے حصول کا اندازہ پیارے نبی کریم صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کے اس ارشاد سے بھی لگایا جاسکتا ہے جس میں آپ… جبریل امین کی اس بد دعا پر ” آمین “فرماتے ہیں، جس میں وہ کہتے ہیں: ” جسے رمضان کا مہینہ ملا، اور اس کی مغفرت نہ ہوسکی اور جہنم میں داخل کیا گیا، اللہ تعالی اسے اپنی رحمت سے دور فرمائے“اگر یہ نعمت دشوار ی سے ملتی تو نہ جبریل امین ایسی بد دعا دیتے اور نہ ہی رحمة للعالمین صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم اس پر آمین کہتے۔(صحیح ابن حبان: ۹۰۷)

ہمیں کیسے معلوم ہوگا کہ ہم نے رمضان کی قدر کی؟

یہ ایک اہم سوال ہے کہ رمضان کا مہینہ گزرنے کے بعد ہمیں کیسے معلوم ہوگا کہ ہم نے رمضان کی قدر کی یا نہیں؟ اس کے فوائد اور برکات ہمیں حاصل ہوئے یانہیں، اس اہم سوال کے جواب کا اہم پیمانہ خود اللہ تعالیٰ نے بیان فرمایا ہے: ”لعلکم تتقون“ (سورة بقرة: ۱۸۳) یعنی رمضان اور روزہ کا مقصد ہے تقویٰ کا حصول، تو ہمیں یہ دیکھنا چاہیے کہ رمضان کے بعد ہماری زندگی میں تقویٰ آیا یا نہیں؟

اس کو آسان الفاظ میں اس طرح بھی سمجھ سکتے ہیں کہ رمضان گزرنے کے بعد بھی اگر ہماری زندگی پہلے کی طرح ہی گناہوں میں رہی، کوئی تبدیلی نہیں آئی تواس کا مطلب ہے کہ ہم نے رمضان کی کما حقہ قدر نہیں کی، اس کے مکمل فوائد ہمیں حاصل نہ ہوسکے۔

اوراگر رمضان کے بعد ہماری زندگی کا ورق پلٹ گیا، ہم عبادتوں کا اہتمام کرنے لگے، گناہوں سے بچنے لگے، حقوق ادا کرنے لگے، نبی… کی سنت کی پیروی کرنے لگے، ہماری روز مرہ کی زندگی میں ایک اچھی تبدیلی آگئی، تو یہ بالکل کھلی اور واضح علامت ہے کہ ہمارا رمضان قبول ہوا، ہم نے اس کی قدر کی اور اس کے فوائد، ثمرات اور برکات سے بہرہ ورہوگئے۔

اللہ جل شانہ ہم سب کو رمضان کی کما حقہ قدر کرنے کی توفیق عطا فرمائے اور اس کے انوار اور برکات سے مستفید فرمائے۔(آمین)
(بہ شکریہ ماہنامہ دارالعلوم (دیوبند)

یہ بھی پڑھیں

رمضان المبارک کیسے گزاریں؟

Related Articles

One Comment

  1. رمضان المبارک کی روشنیاں کتاب جس میں آپ پڑھیں گے: ماہ رمضان میں خدا کی رحمتیں، اس میں قرآن کریم کا نزول، مہینوں کے نام رکھنے کی وجہ، ماہ رمضان کے چار نام، ماہ رمضان کی خصوصیات رمضان المبارک کا بابرکت مہینہ، رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم کی حالت، رمضان المبارک میں، اور بہت سے دوسرے ..

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *

Back to top button