CollegeFor ChildrenFor Teachers

اسکول اسمبلی کو مؤثر بنانے کے طریقے

اسکول اسمبلی کو کیسے موثربنایا جائے یہ ہر اسکول اور تعلیم ادارے کا سوال ہوتاہے۔ یہ اسلیے اہم ہے، کہ  اسکول اور تعلیمی اداروں  کے  دن کاآغاز ہی  صبح کی  اسمبلی سے ہوا کرتا ہے۔ اسمبلی کے بعد  ہی تمام  تعلیمی سرگرمیوں کا آغاز  ہوجاتا ہے ۔کہتے ہیں کہ جس چیز کا  آغاز اچھا ہو اس چیز کا انجام بھی  اچھا ہی ہوتا ہے۔  اس پہلو سے دیکھا جائے تو اسمبلی کو بہت  منظم ا و رمؤثر  ہونا چاہیے۔  کیونکہ اس کا تعلق براہ راست بچوں کی  عملی تعلیم و تربیت کے ساتھ ہوتا ہے۔ لہذا اسمبلی کو منظم اور جاندار ہونا چاہیے ۔

 ہم اپنے  پچھلے   مضامین میں اسکول اسمبلی کی اہمیت پر وضاحت کے ساتھ روشنی ڈال چکے ہیں، آج ہم  اس  پہلو پر بات کریں گے۔  کہ اسکول اسمبلی کو کس طرح مؤثر بنایا جا سکتا ہے؟ اس سلسلے میں چند ضروری اقدامات  ہیں ۔ جنہیں ذیل میں درج کیا جاتا ہے۔

اسکول اسمبلی

اسمبلی پلاننگ /منصوبہ بندی

اسمبلی کو موثر بنانے کیلئے  سب سے پہلے اس کی پلاننگ اور منصوبہ بندی کی ضرورت ہے۔ تمام ٹیچر ز اور انتظامیہ آپس میں مل کر اور باہمی  گفت و شنید  سے اسمبلی کے لیے بہترین  منصوبہ بندی کر لیں ۔ اور اسمبلی کی اس منصوبہ بندی کو باقاعدہ ایک کاغذ پر لکھ لیا جائے۔ کہ کون کون سے ٹیچرز کو کون کونسی ذمہ داریا ں سونپی جائیں گی ؟ اور  پھر ان سب پر کسی ایک ٹیچر کو نگران  بنایا جائے۔

ان ٹیچرزکی ذمے داری یہ ہوکہ  روزانہ اسمبلی میں پیش کی جانے والی چیزوں کی ترتیب بندی کریں۔   اس ترتیب کی رو سے مختلف کلاسز کے گروپس  کو  اسمبلی میں    لیڈ کرنے کیلئے تیار کریں ۔  ہر گروپ کے لیے دن مقرر کریں ،اور مقررہ  دن  ہرگروپ کو پرفارم کرنے کا موقع دیں۔ اور اس کی   کارکردگی کا مکمل جائزہ لیں۔

یوں   تمام کلاسز کی سطح پر بچوں کے گروپ تشکیل  پائیں گے۔ ان گروپس کو مختلف نام دیے جائیں  جن سے وہ پہچانے جائیں ۔  اعلی کارکردگی کےحامل گروپ کو ہر ماہ کوئی انعام وغیرہ دیا جا سکتا ہے ۔جس سے دوسرے بچوں اور کلاس گروپس  میں بھی آگے بڑھنے کا جذبہ پروان چڑھے گا۔

اسکول اسمبلی

 ٹیم ورکنگ سے اسمبلی کو موثر بنائیے۔

ٹیم ورکنگ یعنی مل جل کر کام کرنا  ۔اسمبلی کے انعقاد  کے موقع پر تمام اساتذہ   کرام کا بشمول انتظامیہ اور پرنسپل   اسمبلی ہال  میں موجود رہنا ضروری ہے۔  تا کہ بچوں  کو یہ پیغام جائے کہ اسمبلی واقعی  اہم   کام ہے۔   جس میں اسکول کا سارا عملہ موجود  رہتا ہے۔ اس سلسلے میں اساتذہ کا ایک گروپ تشکیل دیا جانا چاہیے۔  جس کے ذمہ اسمبلی منعقد کرانا ،اسمبلی کے سلسلے میں درپیش مسائل اور ان کا تدارک اور اسمبلی کو منظم اور جاندار بنانے کے اقدامات ہوں ۔

درجہ بندی(یعنی گروپ میکنگ)

ہر جماعت سے چار  یا  پانچ بچوں  پر مشتمل دو  تین گروپ تشکیل دیے جائیں۔ تاکہ تمام بچے یکساں طور پر اسکول اسمبلی میں اپنی کارکردگی کا مظاہرہ کرسکیں ۔ اس سلسلے میں یہ بات بھی ملحوظ رہے کہ اسمبلی کے لیے گروپ تشکیل دیتے ہوئے صرف اچھے اورذہین   بچوں کو  ہی چھانٹ کر منتخب نہ کیا جائے۔  بلکہ تمام بچوں کو اس عمل میں شریک رکھا جائے۔تاکہ سب بچوں   کو  اپنی صلاحیتوں کو بہتر بنانے اور انہیں اجاگر کرنے کے یکساں مواقع حاصل ہو سکیں ۔

اسمبلی میں قطار بندی

اسمبلی کو موثر بنانے کے طریقوں میں سے ایک طریقہ درست قطار بندی ہے۔ قطار بندی کے لیے  اساتذہ کی ٹیم میں سے ایک  یا دو  استادوں کو خصوصی طور پر مقرر کیا جائے۔ جن کی ذمہ داری  یہ ہو کہ وہ بچوں کو ایک ترتیب کے ساتھ اسمبلی ہال میں  کھڑا کریں گے ۔ یعنی اگلی قطار میں چھوٹے بچوں کو، اس سے پچھلی قطار میں تھوڑے بڑے بچوں کو اور اس سے پچھلی قطار میں ان سے  بڑے بچوں کو ۔

 گویا بچوں کو ان کے قد کے لحاظ سے قطار میں  کھڑا کیا جائے تاکہ پیچھے کھڑے ہونے والے بچے بھی سامنے کے مناظر کو با آسانی دیکھ سکیں ۔قظار وں کے درمیان مناسب فاصلہ ہونا چاہیے۔  اور نگران ٹیچرز کا قطاروں میں راؤنڈ رلگا نا بھی ضروری ہے۔  اس مقصد کے لیے چند اساتذہ کی ڈیوٹی لگائی جاسکتی ہے۔ اس کے ساتھ ساتھ سامنے اور طلبہ کے پیچھے بھی اساتذہ کا موجود رہنا بہت ضروری ہوتا ہے تاکہ صورت حال کنٹرول میں رہے ۔

اسمبلی نگران

اسمبلی  کو موثر بنانے کیلئے  اس کے تمام مراحل کی نگرانی بہت ضروری ہے ۔  اس مقصد کیلئے ایک نگران اسمبلی کی ضرورت پڑتی ہے۔ جو  اسمبلی سے متعلق  تمام کاموں کو مانیٹر کرنے  کرسکے۔ یہ نگران ایسا ہوکہ ضرورت پڑنے پر  بروقت اور درست  فیصلہ لینے کی صلاحیت رکھتا ہو۔ اور کسی بھی ممکنہ صورت  حال سے نمٹنے کے لیے اس کے پاس فوری طور پر لائحہ  عمل بھی  موجود رہو۔

اسمبلی ججز کے اسمبلی کو موثر بنائیے

اسکول اسمبلی کو موثر بنانے کے طریقوں میں ایک اہم  طریقہ “اسمبلی ججز” کا تقرر  ہے۔ ججز کا تقرر اس عمل کو بہتر بنانے کے لیے معاون ثابت ہوگا۔اس کی صورت یہ ہو سکتی ہے۔ کہ اسمبلی  کے لیے قائم کردہ ٹیم میں سےتین  اساتذہ کو بطور جج نامزر کیا جائے۔   جو ہر روز ہونے والی اسمبلی کا بغور جائزہ لے کر ہرماہ کی  آخری تاریخ میں اسے مزید بہتر بنانے کیلئے  اپنی سفارشات پیش کریں۔  اور یہ ٖفیصلہ دیں  کہ کس کلاس کے کس گروپ کی کارکردگی   سب سے بہتر رہی۔ اب اس کو  انعام بھی دیا جا سکتا ہے، اس طرح سے بچے آگے بڑھنے اور جستجوجاری رکھنے کے عادی ہوجائیں گے ۔

اسکول اسمبلی

اسمبلی کو موثر بنانے کی  سرگرمیاں

اسمبلی کو مؤثر بنانے کے ساتھ ساتھ بچوں میں مثبت اور صحت مندانہ سرگرمیوں کے فروغ کے لیے بھی ٹیچرز کو کوشاں رہنا چاہیے۔ اس سلسلے میں اسمبلی میں پی ٹی ،ہلکی پھلکی ورزش بھی ضروری  ہے۔  ایک ایسا ٹیچر جو اس حوالے سے موزوں ہو اور پی ٹی کے مقاصد سے آگا ہ ہو۔ اور انر جیٹک بھی ہو۔ اس کی ذمہ داری لگائی جاسکتی ہے  ۔کہ وہ روزانہ بچوں کو ہلکی پھلکی جسمانی ورزش کرائے گا تاکہ بچے چاق و چوبند ہو کر اپنی اپنی کلاسزداخل ہوں ۔

اسمبلی کو موثر بنانے کے طریقوں کا خلاصہ

صبح  کے وقت ہونے والی اسمبلی کی اہمیت اور  افادیت کے پیش نظر اس کو منفرد اور مؤثر بنانا اور اس کے لیے کوشاں رہنا تمام اسکول انتظامیہ اور اساتذہ کا اولین فرض ہے ۔جیسا کہ ہم پچھلے آرٹیکل میں اس بات کو بیان کرچکے ہیں ۔ کہ اسکول کی اسمبلی کو مؤثر بنا کر بہت سے ایسے مسائل پر قابو   پایا جا سکتاہے جن کی وجہ سے ہم وقتا فوقتا پریشان  ہوتے ہیں۔

اسکول اسمبلی  بچوں کی تربیت، کردار سازی ، اہداف کے حصول کے لئے لگن، مستقل مزاجی، ڈسپلن اور  خود اعتمادی کو  فروغ دینے  میں اہم اور کلیدی کردار ادا کرتی ہے۔ لہذا اس کو صرف ایک روایت کے طور پر لینے کے بجائے اسے سنجیدہ لینے کی ضرورت ہے۔ ہمیں یہ سمجھنا ہوگا کہ  ہم ا سکول اسمبلی کو مربوط، جامع اور  مؤثر بنا کر اپنے اسکول کے ماحول اور بچوں کی کارکردگی کو بہت  بہتر  بنا سکتے ہیں۔

اسکول اسمبلی

Related Articles

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *

Back to top button