Latest

امت کی معراج رسول اللہ کے نقش قدم کی پیروی ہے ، علمائے کرام 

امت کی معراج رسول اللہ کے نقش قدم کی پیروی ہے ، علمائے کرام

کراچی ، نمائندہ ایجو تربیہ ڈاٹ کام؛ ؛معراج پیغمبر اسلام کا عظیم الشان معجزہ ہے، امت کی معراج رسول اللہ صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کے نقش قدم کی پیروی ہے،ان خیالات کا اظہار علماء کرام نے چترال اسٹوڈنٹس ویلفئیر ایسوسی ایشن کے تحت کراچی میں شب معراج کی مناسبت سے منعقدہ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا ۔

چترال اسٹوڈنٹس ویلفئیر ایسوسی ایشن کے تحت شب معراج کی مناسبت سے تقریب کا انعقاد

تقریب میں علماء کرام ، یونیورسٹیوں ،کالجوں اور مدارس کے طلباء نے بڑی تعداد میں شرکت کی ۔

تقریب کے پہلے سیشن میں قرآن خوانی کی گئی ۔ دوسرے سیشن میں تلاوت قرآن مجید کے بعد حمدو نعت پیش کی گئی ۔ اس سیشن میں مختلف دینی اسکالرز اور علمی شخصیات نے خطاب بھی کیا ۔ اسٹیج سیکریٹری کی ذمے داری فضل رحیم چترالی نے نبھائی ۔

پیغمبر کی سیرت انسانیت کے احترام کا درس دیتی ہے ، ڈاکٹر ظفر اقبال

تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وفاقی اردو یونیورسٹی کے سابق وائس چانسلر ڈاکٹر ظفر اقبال نے کہا کہ معراج کا معجزہ ایسا محیر العقول معجزہ ہے جسے انسانی حساب کتاب کے دائرے میں نہیں لایا جا سکتا ۔ ہمیں نبی کریم صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کی سیرت کو مشعل راہ بنانا چاہئے ۔آپ کی سیرت ہمیں انسانیت کے بلا امتیاز احترام کا درس دیتی ہے ۔

اسوہ رسول ہمارے لئے مشعل راہ ہے ،مولانا شفیق گلگتی، شفیع چترالی ویگر کا خطاب

مولانا محمد شفیع چترالی ، مولانا شفیق الرحمن گلگتی اور مولانا لطیف الرحمن لطف نے اپنے خطاب میں کہا کہ طلباء کی جانب سے معراج کی مناسبت سے تقریب کا انعقاد خوش آئند ہے ۔ طلباء امت اور ملت کا سرمایہ اور مستقبل ہیں ، طلباء کو چاہیے کہ رسول اللہ صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کو عملی طور پر اپنا رول ماڈل بنائیں جس کے لئے سیرت کا مطالعہ نہایت ضروری ہے ۔ ہمارے پاس نبی کریم صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کا اسوہ موجود ہے اس لئے ہمیں کسی اور طرف دیکھنے کی ضرورت نہیں ہے ۔ ہمیں رسول کریم کی سیرت کی روشنی میں اپنے کردار کا جائزہ لینا ہوگا ۔نئی نسل میں در آنے والی خرابیوں کی اصل وجہ دین اور اسوہ پیغمبری سے دوری ہے ۔

کھوار کے معروف گلوکار انصار الہی نے نعت پڑھ کر محفل میں سماں باندھ دیا

اس موقع پر چترال سے آئے معروف گلوکار انصار الہی نے نعتیہ کلام سنا کر محفل میں سماں باندھ دیا ۔ گلوکار انصار الہی کا کہنا تھا کہ اس قسم کی با برکت اور روحانی محفل میں شرکت ان کے لئے باعث سعادت ہے۔ انہوں نے طلباء سے کہا کہ وہ دین اور اپنی ثقافت سے جڑے رہیں ۔انصار الہی نے نوجوانوں سے اپیل کی کہ وہ نشے کی لت سے دور رہیں اور معاشرے میں اس اچھی عادت سے اپنی پہچان بنائیں ۔ان کا کہنا تھا کہ وہ بیس سال سے زائد عرصے سے گلوکاری کے پیشے سے وابستہ ہیں الحمدللہ آج تک کسی قسم کا نشہ نہیں کیا یہاں تک کہ نسوار کی عادت بھی نہیں ہے ۔

تقریب میں قاری شمس الدین ،مفتی ولی اللہ ویگر کی شرکت

تقریب کے آخر میں چترال اسٹوڈنٹس ویلفئیر ایسوسی ایشن کے صدر عابد پیرزادہ نے مہمانوں کا شکریہ ادا کیا ۔اس موقع پر مزار قائد کے فاتحہ خواں قاری شمس الدین چترالی نے چترال اسٹوڈنٹس ویلفئیر ایسوسی ایشن کے عہدے داروں سے حلف لیا ۔ تقریب کا اختتام مدرسہ امام محمد کے نائب مدیر مفتی ولی اللہ چترالی کی دعا پر ہوا ۔

یہ بھی پڑھیں

امارات میں ساڑھے سات دن

Related Articles

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *

Back to top button