Features

ریکارڈ ساز بیٹسمین ہاشم آملہ پاکستانی قاری کے فین نکلے

ریکارڈ ساز بیٹسمین ہاشم آملہ پاکستانی قاری شیخ سعد نعمانی کے فین نکلے

رپورٹ؛ لطیف الرحمن لطف

جنوبی افریقہ سے تعلق رکھنے والے مشہور کرکٹر ہاشم محمد آملہ قرآن کریم کے مشہور قراء کی تلاوت سننے کے شوقین ہیں وہ پاکستان سے تعلق رکھنے والے حدر کے مشہور قاری ،شیخ محمد سعد نعمانی کے بڑے فین نکلے۔

افریقی بلے باز نے شیخ نعمانی کی اقتداء میں جمعہ پڑھا ،ظہرانہ بھی دیا

شیخ محمد سعد نعمانی ان دنوں جنوبی افریقہ کے دورے پر ہیں،گزشتہ روز انہوں نے ڈربن کی جامع مسجد میں نماز جمعہ کی امامت کرائی ،کرکٹر ہاشم آملہ نے بھی ان کی اقتداء میں نمازِ پڑھی ۔ ہاشم آملہ نے شیخ سعد نعمانی کے اعزاز میں ظہرانہ بھی دیا ۔اس موقع پر کرکٹر ہاشم آملہ کا کہنا تھا کہ وہ شیخ سعد نعمانی کی تلاوت شوق سے سنتے ہیں ،ان کے بچے بھی ان کی تلاوت سنتے ہیں ۔ہاشم آملہ کا کہنا تھا کہ انہوں نے پہلی مرتبہ 2004 میں شیخ سعد نعمانی کی تلاوت سنی تھی اس دن کے بعد سے وہ ان کی آواز کے گرویدہ ہیں ۔

بچوں کو حافظ بنانے کا عزم ، پاکستانی قاری سے آن لائن قرآن پڑھانے کی خواہش کا اظہار

ملاقات کے موقع پر کرکٹر ہاشم آملہ نے اس عزم کا بھی اظہار کیا کہ وہ اپنے بچوں کو حافظ قرآن بنائیں گے ،انہوں نے خواہش ظاہر کی کہ شیخ سعد نعمانی ان کے بچوں کو آن لائن قرآن کریم پڑھائیں جسے شیخ سعد نعمانی نے قبول کیا۔

 

ہاشم آملہ
ہاشم آملہ اور شیخ سعد نعمانی ( رپورٹ لطیف لطف)

اچھا لہجہ اور خوب صورت آواز قرآن کے لطف اور تاثیر کو دوبالا کرتے ہیں ،قاری سعد نعمانی

شیخ سعد نعمانی نے “ایجو تربیہ ڈاٹ کام ” سے خصوصی گفت گو کرتے ہوئے کہا کہ قرآن اور اہل قرآن کے حوالے سے کرکٹر ہاشم آملہ کے جذبات دیکھ کر بہت خوشی ہوئی ، وہ قرآن سے عشقِ کی حد تک محبت کرتے ہیں ،ان کا کہنا تھا کہ ایک عظیم بلے باز ہونے کے باوجود ہاشم آملہ بہت متواضع انسان ہیں ۔ شیخ سعد نعمانی کا کہنا تھا کہ قرآن کریم کو اپنے سینے میں محفوظ کرنے والے دنیا کے خوش قسمت ترین لوگ ہیں،انہوں نے مزید کہا کہ قرآن مجید کو تجوید کے اصولوں کے ساتھ ساتھ اگر اچھے لہجے اور خوب صورت آواز کے ساتھ پڑھا جائے تو نہ صرف سننے کا لطف دوچند ہوجاتا ہے بلکہ تاثیر بھی دوبالا ہو جاتی ہے اس لئے مدارس اور قرآن کی تعلیم دینے والے اداروں کو اس پہلو پر بھرپور توجہ دینے کی ضرورت ہے ۔
واضح رہے شیخ سعد نعمانی اپنی خوب صورت آواز اور عالم اسلام کے معروف قراء کے لہجوں میں تلاوت کے حوالے سے شہرتِ رکھتے ہیں ۔وہ امام کعبہ شیخ سدیس ،شیخ شریم ،شیخ محمد ایوب سمیت 100 سے زائد نامور قراء کے لہجوں میں تلاوت کرتے ہیں ، چند سال قبل وہ شیخ سدیس کے سامنے ان کے لہجے میں تلاوت کرکے خراج تحسین حاصل کر چکے ہیں، شیخ سدیس نے اپنے انداز میں ان کی تلاوت سن کر کہا تھا ” یہ نقل تو اصل سے بھی خوب صورت ہے”

کرکٹر ہاشم آملہ کے بارے میں معلوم ہوا ہے کہ ان کو قرآن کریم سے عشق کی حد تک لگاؤ ہے، وہ کثرت سے قرآن کی تلاوت کرتے ہیں ،عالم اسلام کی مشہور قراء کی تلاوت سننا ان کا پسندیدہ مشغلہ ہے ۔ ہاشم آملہ معروف عالم دین اور شیخ طریقت مولانا شاہ حکیم محمد اختر کے سلسلے سے بھی وابستہ ہیں ،وہ مولانا حکیم محمد اختر کے خلیفہ مجاز مولانا یونس پٹیل کے حلقہ ارادت میں شامل ہیں۔

ہاشم آملہ راسخُ العقیدہ مسلمان ہیں، شراب کا لوگو شرٹ پر نہ لگانے پر جرمانہ بھرتے رہے

کرکٹر ہاشم محمد آملہ ایک راسخ العقیدہ مسلمان کے طور پر پہچانے جاتے ہیں ،انہوں نے کرکٹ کی چکا چوند دنیا میں بھی اپنی دین داری پر کوئی سمجھوتا نہیں کیا ، 2004 کو جب ہاشم آملہ کو جنوبی افریقہ کی ٹیم میں شامل کیا جا رہا تھا تو انہیں بڑا چیلنج درپیش تھا ، شراب بنانے والی ایک کمپنی ( Castle) کے پاس جنوبی افریقہ کی ٹیم کی اسپانسر شپ تھی اس بنا پر کھلاڑیوں پر لازم تھا کہ وہ اس کمپنی کا لوگو( Logo) اپنی شرٹس پر چسپاں کریں ،راسخ العقیدہ ہاشم آملہ اس کے لئے تیار نہ ھے ،ان کے سامنے دو راستے تھے ، یا تو کرکٹ بورڈ کی بات مانیں اور مستقبل کے کرکٹ اسٹار بنیں یا پھر اپنا ابھرتا مستقبل اسلام کے ایک حکم پر قربان کر دیں۔ ہاشم آملہ نے دو ٹوک کہا کہ وہ ٹیم میں شمولیت کے لئے شراب کی کمپنی کا لوگو اپنی شرٹ پر نہیں لگائیں گے ،کہتے ہیں قسمت بھی بہادروں کا ساتھ دیتی ہے چنانچہ جنوبی افریقی بورڈ ان کی استقامت کے سامنے ڈھیر ہوگئی ، انہیں ٹیم میں اس شرط پر شامل کیا گیا کہ وہ ضابطے کی خلاف ورزی پر ہر میچ کے حساب سے 500 ڈالر جرمانہ بھریں گے ۔

میچ کےلئے کبھی رمضان کے روزے قضا نہیں کئے

ہاشم آملہ کی ایمان کی پختگی کا اندازہ اس سے بھی لگایا جا سکتا ہے کہ انہوں نے پورے کیریئر میں کرکٹ کی وجہ سے کبھی روزے قضاء نہیں کئے، سخت سے گرمی میں بھی رمضان ہوتا تو وہ روزے کی حالت میں میچ کھیلتے ۔

والدین گجرات سے ہجرت کرکے جنوبی افریقہ منتقل ہوئے

ہاشم آملہ 1983 کو جنوبی افریقہ کے شہر ڈربن میں پیدا ہوئے۔ان کے والدین ہندوستان کے صوبہ گجرات کے شہر سورت سے ہجرت کرکے جنوبی افریقہ جا کر آباد ہوگئے تھے ۔

سنہ2004 میں کیرئیر کا آغاز کیا ،2019 میں انٹرنیشنل کرکٹ کو خیر باد کہا

ہاشم آملہ نے 2004 میں کرکٹ کیریئر کا آغاز کیا اور 2019 میں انٹرنیشنل کرکٹ سے ریٹائرڈ ہوگئے ۔انہوں نے جنوبی افریقہ کی طرف سے ٹیسٹ ،ون ڈے اور ٹی ٹونٹی ،تینوں فارمیٹ کی کرکٹ کھیلی ،ان کا شمار دنیائے کرکٹ کے بہترین بلے بازوں میں ہوتا ہے ،ون ڈے کرکٹ میں کئی ریکارڈ ان کے نام ہیں ۔

ون ڈے کرکٹ میں کئی ریکارڈ اپنے نام کئے ،جنوبی افریقہ کے پہلے مسلمان کپتان ہونے کا اعزاز

ہاشم آملہ ایک روزہ مقابلوں میں سب سے کم اننگز کھیل کر 7000 رن بنانے کا ریکارڈ بنا چکے ہیں۔ اس کے علاوہ اوسطا ً ہر 6 اننگز میں سنچری اسکور کی ہے جو تاریخ کے تمام بلے بازوں میں بہترین اوسط ہے۔ انہیں جنوبی افریقہ کے پہلے مسلمان ٹیسٹ کپتان ہونے کا اعزاز بھی حاصل ہے۔

 

یہ بھی پڑھیں

حکیم محمد سعید ایک عہد ساز شخصیت

Related Articles

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *

Back to top button